نئی دہلی،27؍اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) نریندر مودی کے چین کے دورہ کے درمیان کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ ملک مودی کو ڈوکلام اور چین۔پاکستان اقتصادی کوریڈور جیسے اہم مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے۔راہل نے ٹویٹ کر کہا کہ وزیر اعظم! میں نے آپ کے بغیر ایجنڈا والے دورہ چین کی لائیو ٹی وی فیڈ دیکھی۔ آپ تناؤ اور دباؤ میں نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو کچھ یاد دلاتا ہوں۔ پہلا مسئلہ ڈوکلام کا ہے اورچین ۔پاکستان اقتصادی راہداری کا ہے۔ چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری پی او کے سے گزر رہا ہے جو بھارت کا حصہ ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ بھارت کو ان اہم مسائل پر بیباکی سے بات کرنی چاہیے ۔ ہماری حمایت آپ کے ساتھ ہے۔ اس سے پہلے کانگریس کے اہم ترجمان سرجے والا نے الزام لگایا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن اپنے حالیہ چین دورہ پر ڈوکلام میں چینی تجاوز ات کے معاملے پر وہاں کی حکومت سے احتجاج درج کرانے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم اپنے وزراء کی اس ’ناکامی‘ کو قبول کریں گے اور چینی صدرسے ڈوکلام کے معاملے پر دو ٹوک باتیں کریں گے؟